بنکاک،26؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہانک کانگ میں چین نوازخاتون سیاستدان کیری لام کو ملک کا نیا سربراہ چن لیا گیا ہے۔ ہانگ کانگ میں پہلی مرتبہ کسی خاتون کو چیف ایگزیکٹیوکے عہدے کے لیے منتخب گیاہے۔ تاہم عوام کاکہناہے کہ کیری لام ان کاانتخاب نہیں ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی نے چھبیس مارچ بروزاتوارہانگ کانگ کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ چین نواز ملکی الیکشن کمیٹی نے کیری لام کو چیف ایگزیکٹیو کے عہدے کے لیے منتخب کر لیا ہے۔ ہانگ کانک میں چیف ایگزیکٹیو یا سربراہ کا انتخاب عوام نہیں کرتے بلکہ اس عمل میں مرکزی طاقت الیکشن کمیٹی کو حاصل ہوتی ہے۔چین کے نیم خود مختار علاقے ہانگ کانگ کی اس الیکشن کمیٹی میں اکثریت چین نوازوں کی ہے۔ اس لیے پہلے سے ہی واضح تھاکہ بیجنگ حکومت کی ’فیورٹ‘ کیری لام کواس عہدے کے لیے منتخب کر لیاجائے گا۔یہ امر بھی اہم ہے کہ ہانگ کانگ کی الیکشن کمیٹی کے زیادہ تر ارکان کا انتخاب عوام نہیں کرتے ہیں بلکہ انہیں براہ راست ہی چْن لیاجاتاہے۔ بعدازاں یہ کمیٹی ملکی چیف ایگزیکٹیو کو چنتی ہے۔اتوارکے دن اس کمیٹی کے ایک ہزار ایک سو چورانوے ارکان میں سے777 نے کیری لام کے حق میں ووٹ دیا۔ کیری لام نے اپنے انتخاب کے بعد کہا کہ وہ عوامی سطح پر پائے جانے والے اختلافات کو ختم کرنے کی کوشش کریں گی۔ ہانگ کانگ کے عوام کامطالبہ ہے کہ چین کے اثرورسوخ کو کم کرتے ہوئے اس علاقے میں ’زیادہ جمہوریت‘ ہونی چاہیے۔بنکاک میں واقع کنوینشن سینٹر میں اتوار کے دن کیری لام نے اپنے انتخاب کے بعد ان عوامی مطالبات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہانک کانگ کے سیاسی نظام کے حوالے سے عوام میں سنجیدہ اختلافات پائی جاتے ہیں، جن کی وجہ سے مایوسی کا ایک عنصر نمایاں ہوتاجارہاہے۔ہانگ کانگ میں پہلی خاتون سربراہ بننے کا اعزاز حاصل کرنے والی لام نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح ہو گی کہ وہ ان عوامی اختلافات کو ختم کریں۔ کیری لام اس سال جولائی میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے چیف ایگزیکٹیو لیونگ چْن یِنگ کی جگہ یہ منصب سنبھالیں گی۔برطانیہ نے سن 1997 میں ہانگ کانگ کو واپس چین کے حوالے کیا تھا اور تب سے وہاں ’ایک ملک، دو نظاموں‘ کے تحت ریاستی انتظامات چلائے جا رہے ہیں۔ تاہم ہانگ کانگ کی نئی نسل ایک تبدیلی کی خواہاں ہے اور وہ چین کے تسلط سے آزادی چاہتی ہے۔اسی تناظر میں سن دو ہزار چودہ میں ہانگ کانگ میں عوامی احتجاجات کی ایک لہر بھی دیکھی گئی تھی۔ کیری لام کے انتخاب پر عوام سراپا احتجاج ہے۔ اتوار کے دن جب الیکشن کمیٹی نے انسٹھ سالہ کیری لام کو نئی سربراہ چنا تو عوام کی ایک بڑی تعداد سڑکوں پر احتجاج کر رہی تھی۔ احتجاج کا یہ سلسلہ متوقع طور پر کئی روز تک جاری رہ سکتا ہے۔